کاروبار
Time 16 جنوری ، 2019

پاکستان نے معاشی ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے ہمارے طریقہ کار کو اپنایا، آئی ایم ایف

آئی ایم ایف کے معاشی ڈیٹا اکھٹا کرنے کا طریقہ کار اپنانا پاکستان کا اہم سنگ میل ہے، اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ پاکستان نے معاشی ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے آئی ایم ایف کے طریقہ کار کو اپنایا اور درست معاشی ڈیٹا سے پاکستان کو اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کے معاشی ڈیٹا اکھٹا کرنے کا طریقہ کار اپنانا پاکستان کا اہم سنگ میل ہے اور درست ڈیٹا سے پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی میں مدد ملے گی۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ درست معاشی ڈیٹا اسٹیٹ بینک، وزارت خزانہ اور پاکستان شماریات بیورو کے درمیان رابطے بہتر بنائے گا اور آئی ایم ایف کے سسٹم سے متعلقہ محکموں میں رابطے اور تعاون بہتر ہوسکے گا۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں معاشی ڈیٹا مزید شفاف ہوسکے گا اور درست معاشی ڈیٹا لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کر سکتا ہے۔