پاکستان
Time 18 جنوری ، 2019

ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں سے متعلق قومی سروے کا فیصلہ

'کامیاب نوجوان' کے نام سے شروع کیے گئے اس سروے کا مقصد تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق نوجوانوں کی ترجیحات کا تعین کرنا ہے—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے اشتراک سے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں سے متعلق نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے 'کامیاب نوجوان' کا نام دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی عثمان ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان میں تعینات اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اور محکمہ شماریات کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نیشنل یوتھ ڈیویلپمنٹ انڈیکس پروگرام فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے 'کامیاب نوجوان' کے نام سے اس منصوبے کی منظوری دی۔

اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پہلی بار ملک بھر کے نوجوانوں سے متعلق ڈیٹا بیس اکٹھا کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ملک بھر میں اضلاع اور تحصیل کی سطح پر سروے کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق نوجوانوں کی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا اور حکومت کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ کس صوبے میں نوجوانوں کو کون سے مسائل ہیں۔

عثمان ڈار کے مطابق سروے کے دوران ہر نوجوان کی ذاتی رائے بھی لی جائے گی اور سروے رپورٹ آتے ہی نیشنل یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام شروع کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :