پاکستان
Time 18 جنوری ، 2019

’سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے‘

مارچ میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے 10 فیلڈز کی بولی کرائیں گے: وفاقی وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور کا کہنا ہے کہ ایگزون کی جانب سے سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر نکلنے کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ قطر میں ایل این جی معاہدے پر بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئی پیٹرولیم پالیسی لا رہے ہیں جس کے تحت اگر نجی شعبہ ایل این جی لانا چاہے تو اس پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مارچ میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے 10 فیلڈز کی بولی کرائیں گے۔

ایگزون کی جانب سے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے، اس مرحلے پر محتاط اندازے کے مطابق 10 سے 20 فیصد کامیابی کے امکانات ہیں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ اصل صورتحال مارچ اپریل تک نمونوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد واضح ہو گی۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ایل این جی کے معاملے پر چیلنج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ اگر قومی مفادات کی بات نہ ہو تو میں شاہد خاقان عباسی کو جواب دیتا۔

انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ پانچ سال کا ہو تو 15 سالہ منصوبے شکوک و شبہات پیدا کرتے ہیں۔

سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ چین کو سعودی عرب کی طرف سےگوادر میں آئل ریفائنری پر کوئی تحفظات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین تو سی پیک میں بھی سعودی عرب کی شمولیت کو خوش آمدید کہتا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ چین کا پی ایس او کے ساتھ مڈکنٹری آئل ریفائنری لگانے کا معاہدہ ہے، اور آج چینی سفیر سے ملاقات میں اس منصوبےکو عملی شکل دینے کا کہا ہے۔

مزید خبریں :