دنیا
Time 19 جنوری ، 2019

ٹرمپ کی جانب سے تفصیلات لیک، نینسی پلوسی کا کمرشل پرواز سےدورہ افغانستان منسوخ

 امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی—۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر کمرشل پرواز کے ذریعے دورہ افغانستان منسوخ کر دیا۔

نینسی پلوسی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کے دورے کی تفصیلات افشاء کر کے افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا۔

واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق نینسی پلوسی نے الزام عائد کیا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے انہیں غیرملکی دورے کے لیے فوجی طیارہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی اور اس بات پر مجبور کیا کہ وہ کمرشل فلائٹ سے افغانستان جائیں۔

ساتھ ہی انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ان کے دورے کی تفصیلات لیک کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔

 نینسی کے مطابق اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے یہ کہا تھا کہ دورے کے دوران اس بات کا خیال رکھا جائے کہ قانون سازوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی زندگیاں خطرے میں نہ پڑیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اسپیکر نینسی پلوسی کا بیان رد کر دیا۔

واضح رہے کہ میسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر امریکا میں جزوی شٹ ڈاؤن کو 28 روز ہوچکے ہیں اور صدر ٹرمپ نے حکومت کی جزوی بندش کی ذمہ داری ایوان نمائندگان کی اسپیکر اور اس کے اراکین پر عائد کی ہے۔

دو روز قبل ایک تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں متعدد ڈیموکریٹ سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن نینسی پلوسی اُنھیں مذاکرات سے روک دیتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دیوار سرحدی سیکورٹی کے لیے بہت ضروری ہے، اگر ڈیموکریٹس نے اس کے لیے بجٹ کی منظوری نہ دی تو حکومتی شٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔

مزید خبریں :