دنیا
Time 19 جنوری ، 2019

ناقص کھانے کی شکایت کرنے والے بھارتی فوجی کے بیٹے کی پراسرار موت


نئی دہلی: بھارتی فوجیوں کو ملنے والے ناقص کھانے کی شکایت کرنے والے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان تیج بہادر یادیو کا جواں سال بیٹا ریاست ہریانہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پایا گیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں ایک پولیس افسر کے حوالے سے بتایا گیا کہ ضلع ریواڑی کے علاقے شانتی وہار کے رہائشی 22 سالہ روہت نے مبینہ طور پر اپنے کمرے میں خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔

مذکورہ پولیس افسر کے مطابق 'کمرہ اندر سے بند تھا، روہت بستر پر موجود تھا اور اس کے ہاتھ میں پستول موجود تھا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'نوجوان کے والد تیج بہادر کمبھ میلے میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے، جنہیں اطلاع کردی گئی'۔



واضح رہے کہ 2017 میں بی ایس ایف کی 29 بٹالین سے تعلق رکھنے والے کانسٹیبل تیج بہادر یادیو نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں الزام عائد کیا تھا کہ سرحد پر تعینات فوجیوں کو ناقص معیار کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے بلکہ کبھی کبھار تو وہ بھوکے ہی سوجاتے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تیج بہادر کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا گیا اور رپورٹس سامنے آئیں کہ اسے کنٹرول لائن سے ہٹا کر ہیڈکوارٹر میں پلمبر لگا دیا گیا۔

بعدازاں سمبا کی سمری سیکیورٹی فورس کورٹ نے تیج بہادر کو آپریشنل ڈیوٹی کے دوران 2 موبائل فون رکھنے اور یونیفارم میں تصویر سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے جرم میں ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔

مزید خبریں :