پاکستان
Time 19 جنوری ، 2019

ایک ہی آدمی کو این آر او مانگتے دیکھا اور سنا وہ شہبازشریف ہے: شیخ رشید


لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہےکہ انہوں نے ایک ہی آدمی کو این آر او مانگتے دیکھا اور سنا ہے اور اس کا نام شہبازشریف ہے لیکن وہ مرضی کوشش کرلیں این آر او نہیں ملے گا۔

لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا جب پاکستان آئیں گے تو آپ کو پتا چلے گا سرمایہ کاری ہوتی کیا ہے لیکن سعودی عرب سے اتنی سرمایہ کاری دیکھ رہا کہ لوگ حیران رہ جائیں گے۔

وزیرریلوے نے پیشگوئی کی کہ عمران خان کی حکومت میں امریکی صدر ٹرمپ کو بھی پاکستان آتا دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ق لیگ والے کہیں نہیں جارہے ، عمران خان ہی امید کے لیے آخری آپشن ہیں، کرپشن کے خلاف عمران خان کے نعرے پر قوم اعتبار کرتی ہے ، اس وقت ملک میں جو صورت حال ہے اس کے ذمہ دار نواز شریف اور زرداری ہیں، 

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ سوچیں کہ کیا کیا گیا ملک کے ساتھ، اعتزاز احسن ، لطیف کھوسہ اور مولابخش چانڈیو کو بلاول کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، مجھے بلاول کی فکر ہے کہ اس کے ساتھ کیا ہوگا، اگر بلاول نے سیاست کرنی ہے تو اس کو بھٹو بننا ہوگا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میں نے ایک ہی آدمی کو این آر او مانگتے دیکھا اور سنا ہے اور اس کا نام شہبازشریف ہے لیکن وہ مرضی کوشش کرلیں این آر او نہیں ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے آئین اور قانون کے تحت کوئی شخص پی اے سی کا رکن بننے سے نہیں روک سکتا، میرا پبلک اکاونٹس کمیٹی میں جانا لازمی ہے ، تحریک انصاف اپنے کس رکن کا نام واپس لیتی ہے یہ ان کا مسئلہ ہے، میں اس وقت پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ سینئر اور تجربہ کار ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف نے خود کہا تھا کہ وہ ن لیگ کے کیسز میں سربراہی نہیں کریں گے، (ن) لیگ کے کیسز میں پی اے سی کی سربراہی میں کروں گا، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ جو نیب کو مطلوب ہو وہ کہے نیب اس کے پاس پیش ہو۔

مزید خبریں :