پاکستان
Time 23 جنوری ، 2019

پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں: چین

پاکستان پُرامن ملک اور خطے میں امن کیلئے کام کر رہا ہے: چینی سفیر۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان میں چینی سفیر ژاؤ جِنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات چینی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر ژاؤ جِنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ترقی کیلئے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست سے ریاست کے تعلقات مختلف امور پر مذاکرات اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ملکوں کو کئی مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت پاکستان کا وژن بھی چین جیسا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان پُرامن ملک اور خطے میں امن کیلئے کام کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہمسایوں کے ساتھ پُرامن تعلقات کیلئے کوشش کی۔

چینی سفیر کے مطابق پاکستان اور چین علاقائی امن کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں جس میں سی پیک، ایک سڑک ایک رستہ کا اہم ترین اور پہلا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ترقی بہت ضروری ہے، افراد کی ترقی پر توجہ دینا ہو گی۔

چینی سفیر ژاؤ جِنگ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین میں پھر باہمی دوستی کے عزم کو مضبوط کیا، ہمیں ایک دوسرے پر مکمل اعتماد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ماہرین کی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور دونوں ممالک، خطے کی آبادی اور بین الاقوامی کمیونٹی کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

پاک چین دوستی تمام چیلنجز میں ثابت قدم رہی: تہمینہ جنجوعہ

 سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان، چین اور چین، پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ستون ہیں، دوطرفہ تعلقات کی تمام جہتیں دوستی کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی تمام چیلنجز میں ثابت قدم رہی اور یہ دوستی شہد سے میٹھی، سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاک، چین خصوصی تعلقات کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا کیوں کہ پاک، چین اسٹریٹیجک تعلقات خطے میں تذویراتی توازن کیلئے اہم ہیں۔

تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ سی پیک اقتصادی جہت، دوطرفہ، خطے اور وسط ایشیاء کیلئے ترقی کا آئینہ دار ہے، دونوں ممالک دوطرفہ مفادات اور عوام تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ مثبت تعلقات چاہتا ہے۔

مزید خبریں :