پاکستان
Time 24 جنوری ، 2019

وفاقی کابینہ نے پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ 1952 کے نفاذ کی منظوری دیدی

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن میں لازمی سروس ایکٹ 1952 کے نفاذ کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک کی معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں 15 جنوری 2019 کے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سانحہ ساہیوال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کا بنیادی فرض ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سانحہ ساہیوال جیسے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں لازمی سروس ایکٹ 1952 کے نفاذ کی منظوری دیدی۔

کابینہ نے سیکیورٹی پیپرز لمیٹیڈ کراچی پر لازمی سروس ایکٹ 1952 کے نفاذ کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ایرا کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ 1952 کے نفاذ کی منظوری کے علاوہ غیر ملکیوں کے لیے ڈالر سرٹیفکیٹس خریدنے کی منظوری بھی دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے بلوچستان اور لاہور کی پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو کی منظوری دی۔

کابینہ میں فیڈرل لینڈ کمیشن میں سینئر ممبر لینڈ کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید خبریں :