اگر اب تک اپنا خیال نہیں رکھا تو اب بھی کچھ نہیں بگڑا !

ورزش عمر کے کسی بھی حصے میں شروع کی جا سکتی ہے ۔ فوٹو کریڈٹ؛نیو یارک ٹائمز

2019 شروع ہونے سے پہلے آپ نے اپنی نوکری،گھر، کاروبار، خاندان اور دوستوں وغیرہ کے لیے بہت سے منصوبے بنا رکھے ہوں گے لیکن شاید خود کو بھول گئے ہوں گے۔ سال شروع ہوئے ابھی چند دن گزرے ہیں، ابھی بھی وقت ہے اپنا خیال رکھنے کی منصوبہ بندی کر لیں۔

اپنا خیال رکھ کر آپ زندگی صحت کے ساتھ اچھے طریقے سے بغیر کسی بیماری کا شکار ہوئے گزار سکتے ہیں۔ اس حوالے سے کچھ تحقیق ہوئی ہے جس پر عمل کر کے آپ اپنی بڑھتی عمر کو تو نہیں روک سکتے لیکن اسے بہت بہتر بنا سکتے ہیں.

کیا آپ جانتے ہیں ورزش سے دل جوان رہتا ہے؟

دل کی صحت مطلب آپ کی مکمل صحت ہے۔ اس لیے بڑھاپے کا انتظار کیے بغیر ورزش کرنا شروع کر دیں۔ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ہفتے میں کم سےکم چار دن ورزش کرنا ضروری ہے۔

خیر ورزش شروع کرنے کا وقت تو کوئی بھی ہو سکتا ہے لیکن کسی بھی عمر میں کی جانے والی ورزش سے دل کو تقویت پہنچائی جا سکتی ہے۔

اس لیے ورزش کو روزمرہ کے معمول کا حصہ بنانے کی کوشش کریں تاکہ آپ کی صحت بھی اچھی رہے اور دل بھی جوان رہے۔

بہتر زندگی گزارنے کے لیے قناعت پسندی اختیار کریں؟

آپ کے ارد گرد کئی لوگ ہوں گے جو وقت کو قصور وار ٹھہراتے ہیں۔ وہ زندگی کو ناکامیوں اور نا امیدی کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ بڑھتی عمر کی تکلیف اور دنیا کے دکھ اپنی جگہ، یہ سب دکھ ایک طرف لیکن کچھ دکھ آپ کی اپنی امیدیں بھی آپ کو دیتی ہیں۔ 

زیادہ خواہشیں اپ کو زیادہ تکلیفیں دیتی ہیں اس لیے کوشش کریں کہ قناعت پسندی اختیار کریں اور خود کو دوسروں کے پیچھے نہ تھکائیں اور اپنی امیدوں کے گھوڑے کم سے کم دوڑائیں۔

کیا چہرے کی ورزش عمر سے کم نظر آنے میں مدد دے سکتی ہے؟

چہرے کی ورزش سے آپ کے چہرے سے بڑھتی عمر کے اثرات کم ہو سکتے ہیں۔ ایک نئی تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ چہرے کے تاثرات عمر کی چغلی کھاتے ہیں۔

جاما ڈرماٹولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق درمیانی عمر کی خواتین چہرے کی ورزش سے چند ماہ ہی میں اپنی عمر سے 3 سال کم نظر آتی ہیں۔ شاید اس کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ خواتین باتوں کے ساتھ ساتھ اپنے چہرے پر ہر طرح کا تاثر طاری کر لیتی ہیں اور یوں ان کے چہرے کی ورزش با آسانی ہو جاتی ہے۔

اس لیے کوشش کریں کہ آپ کم سے کم مسکراہٹ سے اپنے چہرے کی ورزش کریں۔

کیا میری عمر زیادہ ہو رہی ہے؟

ایک تحقیق کے مطابق آپ عمر کو جتنا خود پر طاری کریں گے، اتنی جلدی عمر آپ پر ظاہر ہونا شروع ہو جائے گی۔ بڑھتی ہوئی عمر کو صرف اعداد سمجھیں اور عمر کے ہر حصے اور ہر سال میں خوبصورتی ڈھونڈنے کی کوشش کریں۔

آپ کو ایسے لوگ بھی نظر آئیں گے جو بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ ساتھ خوبصورت نظر آئیں گے اور نکھرتے جاتے ہیں۔ اس لیے خود سے یہ سوال کرنا چھوڑ دیں۔ خود کو یقین دلائیں کہ آپ عمر کے جس حصے میں بھی ہیں بہت اچھے ہیں۔

2019 میں یہ سوال نہ خود سے کریں نا ہی دوسروں سے۔ عمر کا بڑھنا ایک قدرتی عمل ہے اس لیے اسے خوبصورتی سے بڑھنے دیں۔

کیا آپ بہت بد دلی سے اپنے کھانے پینے کا خیال رکھتے ہیں؟

ایک بات یاد رکھیں کہ جو کچھ آپ بچپن میں کھا سکتے تھے وہ بڑے ہونے پر نہیں کھا سکتے، اور یوں ہر عمر کے اپنے غذائی تقاضے بھی ہوتے ہیں جنھیں پورا کر کے آپ ایک صحت مند اور خوبصورت زندگی گزار سکتے ہیں۔ اس لیے اگر آپ کسی وجہ سے یا بغیر کسی وجہ سے اپنے کھانے پینے کا خیال رکھ رہے ہیں تو خوش دلی سے رکھیں۔

اپنی منصوبہ بندی میں کھانے پینے کا خصوصی خیال رکھیں کیونکہ کھانے پینے کا تعلق صرف پیٹ سے نہیں ہے بلکہ آپ کی ظاہری عمر سے بھی ہوتا ہے۔

کیا آپ کے کچھ مشاغل ہیں؟

اگر 2019 شروع ہونے سے پہلے آپ کے پاس کوئی مشغلہ نہیں تھا تو اب لازمی اپنا لیں۔

ایک امریکی تحقیق کے مطابق جو لوگ کوئی مثبت اور صحت مندانہ مشغلہ اپناتے ہیں وہ لوگ زیادہ جوان اور تروتازہ نظر آتے ہیں۔

اس لیے 2019 میں اپنے لیے کم از کم کسی ایک مشغلے کے لیے وقت نکالیں۔

اپنے لیے یہ سب کرنے کا نتیجہ آپ کو اگلے سال میں ہی دیکھنے کو ملے گا۔ اس لیے کوشش جاری رکھیے تاکہ یہ کوشش آپ کی عادت بن جائے۔

مزید خبریں :