پاکستان
Time 28 جنوری ، 2019

پارٹی رکنیت سے اخراج: فاروق ستار کی درخواست پر ایم کیو ایم کو نوٹس جاری

فاروق ستار نے پارٹی رکنیت ختم کیے جانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پیٹیشن دائر کردی۔ فوٹو: فائل

کراچی: سینئر سیاستدان فاروق ستار کی پارٹی رکنیت خارج کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کردیے۔

فاروق ستار کی جانب سے پارٹی رکنیت خارج کیے جانے سے متعلق دائر درخواست پر  سندھ ہائیکورٹ نے سماعت کی جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو 7 فروری تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے فاروق ستار کے وکیل کو درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق مطمئن کرنے کی ہدایت، عدالت نے استفسار کیا معاملہ آئینی درخواست کا لگتا ہے دیوانی مقدمہ کیسے دائر ہوسکتا ہے۔

فاروق ستار نے عدالت میں دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ رکنیت کا اخراج الیکشن ایکٹ اور پارٹی قوانین کے خلاف ہے، کسی بھی کارکن کی رکنیت خارج کرنے کے ضابطوں کو پورا نہیں کیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ان کی رکنیت خارج کرنے کے فیصلے پر صرف کنور نوید کے دستخط ہیں جب کہ رکنیت خارج کرنے کے لیے رابطہ کمیٹی کے دو تہائی اراکین کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی گروپ نے فاروق ستار کو کنوینئر شپ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت ختم کردی تھی۔

مزید خبریں :