27 گھنٹے مسلسل گھومنے والا جدید لٹو

27 گھنٹے تک مسلسل گھومتے رہنا والا لٹو لمبو۔ فوٹو کریڈٹ؛اوڈیٹی سینٹرل ڈاٹ کام

بچپن کے دن کتنے اچھے تھے! جو لوگ بھی اپنے بچپن کے دنوں کو یاد کرتے ہیں یقیقاً وہ لٹو چلانے کو بھی یاد کرتے ہوں گے۔

ٹیکنالوجی جہاں زندگی کے ہر شعبے میں جدت لائی ہے وہیں عام سی رسی سے چلنے والے لکڑی کے لٹو کی جگہ بھی مشینی 'بے بلیڈز'نے لے لی ہے جو بچوں میں بہت مقبول بھی ہو گیا ہے۔

اب تو بات اور بھی آگے 'لمبو' تک چلی گئی ہے، لمبو کھلونا بنانے والی ایک کمپنی فیئر لیس ٹوائس نے تخلیق کیا ہے۔

حال ہی میں لمبو کو ورلڈ گنیز بک آف ریکارڈذ نے دنیا کے سب سے لمبے عرصے تک گھومنے  والے میکینیکل لٹو کے طور پر ریکارڈ بک میں شامل کیا ہے۔ 

لمبو مسلسل 27 گھنٹے، 9 منٹس اور 24 سیکنڈز تک گھومتے رہنے کے بعد عالمی ریکارڈ کا حصہ بن گیا۔

لمبو دیکھنے میں ایک عام گھومنے والا لٹو ہے لیکن اس میں بہت ہی ہائی ٹیک مکینزم موجود ہے جو اسے گھنٹوں گھماتا ہے۔ اس چھوٹے سے دھاتی لٹو میں ایک خصوصی فلائی وہیل موٹر، ایک ہائی اینڈ موشن سینسر، ایک ری چارج ایبل بیٹری اور چِپ پر موجود ایک سسٹم موجود ہے جو لمبو کو مسلسل گھمانے اور اس کا توازن بنائے رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

کھلونا بنانے والی کمپنی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے مطابق لمبو کو مختلف قسم کی سطحوں پر گھما کر پرکھا گیا ہے، لمبو کو اتنا جادوئی اس کے سطح کی پہچان کر کے اس کے مطابق گھومنے اور توازن بنانے کی اہلیت نے بنایا ہے۔

چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے مطابق لمبو کو سب سے پہلے ٹماٹر پر گھمایا گیا، پہلے تو وہ الجھ گیا لیکن پھر اس نے سطح کے مطابق گھومنا شروع کر دیا کہ ہاں میں یہ کر سکتا ہوں۔

لمبو صرف ریکارڈ بنانے کے لیے نہیں بنایا گیا تھا بلکہ یہ کک اسٹارٹر نامی ویب سائٹ پر  عام فروخت کے لیے بھی دستیاب ہے۔ اب تک یہ اپنا 40000 ڈالر کا ہدف پورا کر چکا ہے۔

مزید خبریں :