دنیا
Time 10 فروری ، 2019

مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد آپریشن کے نام پر مزید 5 کشمیری شہید

بھارتی فورسز کی کارروائی کیخلاف نہتے کشمیریوں کا شدید احتجاج، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ گن کا استعمال۔ فوٹو: فائل

سرینگر: بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ مزید تیز کرتے ہوئے نام نہاد آپریشن کے نام پر مزید 5 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع کلگام کے علاقے کیلام میں کارروائی کی جس کے دوران علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد 5 کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ 

قابض بھارتی فورسز کی کارروائی کے خلاف سیکڑوں نہتے کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔

قابض فورسز نے ایک مرتبہ پھر بربریت کا مظاہرہ کیا اور نہتے شہریوں پر پیلٹ گن کا استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں کل مقبول بٹ کی برسی پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

حریت قیادت کا کہنا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے عظیم لیڈروں نے بڑی جدوجہد اور قربانیاں دیں، افضل گورو اور مقبول بٹ کی شہادت کشمیر کی تاریخ کا شاندار باب ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے کشمیری حریت رہنما محمد مقبول بٹ کو دلی کی تہاڑ جیل میں 11 فروری 1984 کو پھانسی دی تھی۔

مزید خبریں :