پاکستان
Time 10 فروری ، 2019

جلد صوبائی اور وفاقی کابینہ میں ق لیگ کے مزید ارکان شامل ہوں گے، نعیم الحق

بزنس کمیونٹی کی جانب سے شکایت آرہی ہیں کہ نیب چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنگ کر رہا ہے، نعیم الحق۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی میں بہتری کے لیے سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے شکایت آرہی ہیں کہ نیب چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنگ کر رہا ہے، نیب کی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی ہے، (ق) لیگ اور تحریک انصاف میں کوئی اختلافات نہیں، ہمارا اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی اسپیکر کی حیثیت سے اہم کردار ادا کررہے ہیں، بہت جلد صوبائی اور وفاقی کابینہ میں (ق) لیگ کے مزید ارکان شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں (ق) لیگ کے دو وزراء کام کررہے ہیں، اپوزیشن کی کوشش ہے کہ رکاوٹیں ڈالیں تاکہ حکومت کامیاب نہ ہو۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے، اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے صدر کا کہنا تھا ہم نے متحد ہو کر چلنے کا عہد کیا ہے۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ق لیگ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، دونوں رہنماؤں نے اختلافات کی تردید بھی کی۔

مزید خبریں :