کھیل
Time 11 فروری ، 2019

پی ایس ایل 4 کی تمام ٹیمیں دبئی پہنچ گئیں، پریکٹس کا آغاز

لاہور قلندرز نے صبح کے وقت سیشن میں ٹریننگ کی، اسلام آباد یونائیٹیڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان وارم اپ میچ آج شام کھیلا جائے گا۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے تمام ٹیمیں دبئی پہنچ گئیں جہاں وہ آج پریکٹس کریں گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور کراچی کنگز کی ٹیمیں گزشتہ شب دبئی پہنچیں جب کہ دیگر ٹیمیں پہلے ہی دبئی پہنچ چکی تھیں۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان وارم اپ میچ آج شام کھیلا جائے گا جب کہ لاہور قلندرز نے صبح کے  وقت سیشن میں ٹریننگ کی اور کراچی کنگز کی ٹیم دوپہر کے سیشن میں پریکٹس کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان بھی دبئی روانہ ہوگئے جو پی ایس ایل تقریبات میں شرکت کریں گے۔

14 فروری کو پی ایس ایل فور کی افتتاحی تقریب سے پہلے احسان مانی کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوگا اور 16 فروری کو وہ وطن واپس آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق وسیم خان دبئی میں آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیموں کے درمیان میچ دیکھیں گے۔

انگلش کرکٹر سمت پٹیل نے دبئی میں نمائندہ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں مقابلے کا معیار کافی بلند ہے، دنیا بھر کے ٹاپ کوالٹی بولرز ہیں جنہیں کھیلنا آسان نہیں۔

سمت پٹیل نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان آیا تھا، بہت زبردست لگا، اس بار بھی آؤں گا، کراچی کے شائقین نے گزشتہ سال فائنل کی جیت کو اور بھی یادگار بنا دیا تھا۔

مزید خبریں :