پاکستان
Time 12 فروری ، 2019

شیخ رشید کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں آنے کے مطالبے پر پی ٹی آئی میں مخالفت


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے کی مخالفت کردی۔

جیونیوز کےمطابق اپنے ایک بیان میں راجہ ریاض نے کہا کہ شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سی کا ممبر بنانے کی کوئی ضرورت نہیں، کمیٹی میں تحریک انصاف کے ارکان موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف جہاں غلط کام کرنا چاہیں گے ہم رکاوٹ بنیں گے، تمام ممبران کمیٹی میں دیانتداری سے کام کریں گے، کمیٹی وہی کام کرے گی جو ملک کے مفاد میں ہوگا۔

دوسری جانب شہبازشریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے معاملے پر بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اتحادی رکن کی حکومت کی حمایت

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن سینیٹر احمد خان شامل ہیں جو آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر بی اے پی میں شامل ہوئے۔

سینیٹر احمد خان کاکہنا ہےکہ شہبازشریف کو ووٹنگ کے ذریعے ہٹایا جاسکتا ہے، ہم حکومت کے اتحادی ہیں، حکومت کا ساتھ دیں گے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی سخت مخالفت کی ہے اور اسے حکومت کا غلط فیصلہ قرار دیا ہے جب کہ انہوں نے شہبازشریف کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے۔

اس کے علاوہ شیخ رشید دعویٰ کرچکے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے ایک رکن کو پی اے سی سے نکال کر انہیں کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔


مزید خبریں :