دنیا
Time 12 فروری ، 2019

مودی کی موجودگی میں ریاستی وزیر کی اسٹیج پر خاتون کو چھونے کی کوشش

بھارتیہ جنتا پارٹی نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے پر کسی بھی کارروائی کے بجائے اپنے وزیر کے خلاف سازش قرار دے دیا — فوٹو: اسکرین گریب 

اگرتلہ: بھارتی وزیر اعظم نرنندر مودی کی موجودگی میں ریاستی وزیر نے ساتھ موجود خاتون وزیر کو چھونے کی کوشش کی اور اس منظر کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔ 

بھارتی ریاست تریپورہ میں منعقدہ تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ریاسی وزیراعلیٰ بپلب دیو سمیت کئی وزراء بھی شریک تھے۔ 

تقریب میں نقاب کشائی کے دوران ریاستی وزیر کھیل و امور نوجوانان منوج کانتی دیو نے خاتون وزیرِ تعلیم سنتا چکما کو چھونے کی کوشش کی جس پر خاتون وزیر نے اس کا ہاتھ جھٹک دیا۔

ریاستی وزیر کی اس دیدہ دلیری کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا جس کے بعد سے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور بھارتی عوام شدید غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔ 

ریاستی وزیر کی اس غیر مناسب حرکت پر اپوزیشن نے شدید تنقید کرتے ہوئے وزیر کے استعفے اور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ 

تاہم حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے پر کسی قسم کی کارروائی کے بجائے اسے اپنے وزیر کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔

بی جے پی کے ترجمان نبیندو بھٹا چاریہ کے مطابق بی جے پی حکومت کے خلاف جھوٹ اور بے بنیاد مسئلے کو ہوا دی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے تریپورہ ریاست میں گزشتہ سال فروری میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائی ہے جب کہ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ ریاست میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد سے خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :