دنیا
Time 12 فروری ، 2019

بھارت: پانچ منزلہ ہوٹل میں آتشزدگی، 17 افراد ہلاک

نئی دہلی کے ارپت پیلس ہوٹل کی بالائی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیگر منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا— فوٹو: اسکرین گریب

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ہوٹل میں آگ لگنے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق نئی دہلی کے علاقے کارول باغ میں 5 منزلہ ارپت پیلس ہوٹل کی بالائی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور دیگر منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کی شدت اور دھویں سے بچنے کے لیے کئی افراد نے عمارت سے چھلانگ بھی لگائی— فوٹو: رائٹرز

عینی شاہدین کے مطابق آگ صبح کے ساڑھے 4 بجے کے قریب لگی جس وقت ہوٹل میں موجودہ لوگ گہری نیند میں تھے۔ آگ کی شدت اور دھویں سے بچنے کے لیے کئی افراد نے عمارت سے چھلانگ بھی لگائی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بعد فائر بریگیڈ کی 22 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانا شروع کیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے تقریباً 50 کے قریب افراد کو ہوٹل سے باہر نکالا۔

مقامی میڈیا کے مطابق آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے تاہم اب تک آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں :