بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی کہانی بڑے پردے پر دکھانے کی تیاریاں

فلم میں ثانیہ مرزا کی پروفیشنل زندگی ، شادی اور اس کے بعد حالات پر مبنی ہوگی— فوٹو:فائل 

بھارتی ٹینس اسٹار و پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔

بھارت میں مختلف شخصیات کی زندگی پر فلم بننے کا سلسلہ جاری ہے جس میں ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ ، ’میری کوم‘ اور ’دنگل‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔

بالی وڈ میں اب ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی زندگی پر بھی فلم بنانے کی تیاریاں جاری ہیں جس کی تصدیق خود ٹینس اسٹار نے کی ہے۔

ثانیہ مرزا اور بالی وڈ پروڈیوسر رونی اسکرو والا کے درمیان معاہدہ بھی طے پاگیا ہے جس پر ثانیہ مرزا نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

فلم کی تیاریاں ابتدائی مراحل میں ہیں تاہم فلم کی ریلیز کے حوالے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی جب کہ فلم ثانیہ مرزا کی پروفیشنل زندگی ، شادی اور اس کے بعد حالات پر مبنی ہوگی۔

فلم میں ثانیہ مرزا کا کردار کون سی اداکارہ کریں گی اس کا فیصلہ فی الحال نہیں ہوا ہے۔

ثانیہ مرزا ٹینس میں بھارت کی پہچان ہیں اور ساتھ ساتھ پاکستان کی ’بھابھی‘ بھی کہلاتی ہیں جن کی شادی 2010 میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ ہوئی تھی اور اب اسپورٹس اسٹار جوڑی کے ہاں گزشتہ دنوں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 2016 میں ثانیہ مرزا کی زندگی پر ایک کتاب بھی شائع ہوچکی ہے، جس کا نام ’ایس اگینسٹ آڈز‘ رکھا گیا تھا۔

مزید خبریں :