کھیل
Time 13 فروری ، 2019

پی ایس ایل 4: امام الحق پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل

امام الحق 29 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 40.61 کی اوسط سے 853 رنز بناچکے ہیں— فوٹو: زلمی آفیشل 

لاہور: پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل ہوگئے۔ 

23 سالہ امام الحق 21 ویں کھلاڑی کی حیثیت میں پشاور زلمی اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں جنہیں فرنچائز کے چیئرمین جاوید آفریدی نے خوش آمدید کہا۔ 

امام الحق قومی ٹیم کی جانب سے 10 ٹیسٹ، 21 ون ڈے اور 29 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ 

قومی ٹیم کے اوپنر ٹیسٹ میں 483 ، ایک روزہ میچز 60.55 کی اوسط سے 1090 اور  ٹی ٹوئنٹی میچز میں 40.61 کی اوسط سے 853 رنز بناچکے ہیں۔ 

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں امام الحق کو ٹیم میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اسکواڈ میں کپتان ڈیرن سیمی، مصباح الحق، وہاب ریاض، کامران اکمل، حسن علی، لیام ڈاؤسن، ڈیوڈ میلان، صہیب مقصود، کرس جورڈن، کیرون پولارڈ سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

مزید خبریں :