پاکستان
Time 15 فروری ، 2019

مشکل وقت سے کچھ حد تک نکل آئے ہیں، وزیراعظم عمران خان

قبائلی علاقوں کو درپیش مشکلات کا سب سے زیادہ احساس تحریک انصاف کو تھا، وزیراعظم — فوٹو: اسکرین گریب 

پشاور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم قرضوں کے اندر ڈوبے ہوئے تھے لیکن کچھ حد تک اس مشکل سے نکل آئے ہیں۔

قبائلی علاقوں میں ہیلتھ انشورنس کارڈ سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قبائلی علاقوں میں بہت نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کو درپیش مشکلات کا سب سے زیادہ احساس تحریک انصاف کو تھا، عوامی مشکلات کی وجہ سے ہی ملٹری آپریشن کے خلاف تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات میں سب سے پیچھے رہ گئے ہیں لیکن قبائلی علاقوں کے عوام کی مدد کا پورا پلان تیار کر لیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام کی مدد کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، سب سے پہلے قبائلی علاقوں کو ہیلتھ انشورنس دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب گھرانے کی سب سے بڑی مشکل بیماری ہوتی ہے لیکن ہیلتھ کارڈ ایسی انشورنس ہے جو غریب گھرانے کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے، ہیلتھ کارڈ کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک فی گھرانے کا علاج کرایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں تمام پروگرام عام آدمی کی بہتری کے لیے لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے لیے فنڈز ریلیز کر رہے ہیں، اسکول، ہیلتھ یونٹ بنانے کا پورا پروگرام بنا لیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم قرضوں کے اندر ڈوبے ہوئے تھے لیکن کچھ حد تک اس مشکل سے نکل گئے ہیں اور سعودی شہزادے کے دورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی، سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت بڑھے گی تو قرضے واپس ہو سکیں گے، ملک میں غربت کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔

مزید خبریں :