پاکستان
Time 15 فروری ، 2019

شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تاریخ تبدیل

شہزادہ محمد بن سلمان 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ فوٹو: فائل

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تاریخیں تبدیل کر دی گئی ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے 16 تاریخ یعنی کل پاکستان پہنچنا تھا لیکن اب پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد 17 تاریخ بروز اتوار پاکستان پہنچیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور وہ اپنے شیڈول کے مطابق پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے ہمراہ شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال کریں گے۔

شہزادہ محمد بن سلمان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر سے ملاقات کریں گے اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

سعودی ولی عہد وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ سینیٹ کا ایک وفد بھی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرے گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ آنے والے سعودی وزراء اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :