پاکستان
Time 16 فروری ، 2019

پلوامہ حملہ: مودی کسی بھی قسم کا تنازع کھڑا کرنے کیلئے بے صبر ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد نے کہا ہےکہ  پلوامہ حملے کے بعد مودی  بے صبر ہیں کہ کسی بھی قسم کا تنازع کھڑا ہوجائے اور سب جنگی جنون میں مبتلا ہوجائیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان پر عائد کیے گئے بھارت کے تمام الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ ’بھارت میں یہ روایت ہے کہ وہ اپنے گریبان میں جھانکنے کے بجائے الزامات لگانا شروع کردیتا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ پلوامہ میں حملہ 130 کلو میٹر اندر ہوا ہے حالانکہ نہ گاڑی، نہ دھماکا خیز مواد اور نہ ہی حملہ آور کا تعلق پاکستان سے ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’پلوامہ حملے کا فائدہ مودی کو پہنچتا ہے جو الیکشن لڑرہے ہیں اور ہار رہے ہیں، اس وقت یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بے صبر ہیں کہ کسی بھی قسم کا تنازع کھڑا ہوجائے اور سب جنگی جنون میں مبتلا ہوجائیں‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’پاکستان کے لیے ایک چیلنج کھڑا کیا گیا ہے وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب یہاں فنانشل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی میٹنگ ہونے والی تھی، امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہونے والے تھے، خطہ استحکام کی طرف جا رہا تھا اور محمد بن سلمان کی آمد کا وقت ہے سرمایہ کاری کا وقت ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہورہا کہ پاکستان کے حالات ٹھیک ہورہے ہوں اور بھارت سازش نہ کرے، یہ بھی سازش کا حصہ ہے لیکن دنیا کے اندر پاکستان بھی مضبوط ہے کیونکہ ہم نے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے جو اقدامات کیے، افغانستان کو مستحکم بنانے کے لیے جو کام کیے اور بھارت سے بہتر تعلقات قائم کرنے کے لیے جو کیا ہے وہ بین الاقوامی سطح پر ریکارڈ کا حصہ ہے‘۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’بھارتی قیادت اور بھارتی عوام کو سوچنا چاہیے کہ پاکستان کا مفاد امن میں ہے اور پاکستان نے ہمیشہ امن کیلئے کوششیں کی ہیں جب کہ بھارت تو کہتا تھا کہ ہم ایک قدم بڑھائیں تو وہ دو قدم بڑھائے گا لیکن وہ تو اپنی بات سے خود ہی پلٹ گیا ہے جو سب کے سامنے ہے‘۔

مزید خبریں :