پاکستان
Time 16 فروری ، 2019

پلوامہ حملہ: بھارت ثبوت پیش کرے ہم تعاون کیلئے تیار ہیں، وزیر خارجہ

فائل فوٹو: شاہ محمود قریشی

میونخ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پلوامہ حملے پر بھارتی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد الزام تراشیوں سے ماضی میں کچھ حاصل ہوا نہ ہوگا جب کہ بھارت کے پاس ثبوت ہے تو پیش کرے پاکستان تعاون کو تیار ہے۔

امریکی ریڈیو سروس کو انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نےکہا کہ پلوامہ میں جانی نقصان پر صدمہ ہوا، افسوسناک واقعے میں جانیں ضائع ہوئیں، یہ ہمارا ایجنڈا نہیں۔

انہوں نےکہا کہ پلوامہ واقعے پر بھارت نے بغیر تحقیق کے ردعمل دیا، بھارت ماضی میں بھی بغیر تحقیق کے الزام تراشی کرتا رہا ہے، بے بنیاد الزام تراشیوں سے ماضی میں کچھ حاصل ہوا اور نہ ہوگا، بھارت کے پاس ثبوت ہے تو پیش کرے، پاکستان تعاون کو تیار ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنا بھارت کی خام خیالی ہے، بھارت پاکستان کو تنہا کرنے میں ماضی میں بھی ناکام ہوا اور اب بھی ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ بھارت کودیکھنا چاہیے مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کی وجوہات کیا ہیں، پاکستان ہزاروں خواتین کو مقبوضہ وادی میں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہیں کرسکتا، کیا مقبوضہ کشمیر میں جنازوں کے اٹھنے کا انتظام پاکستان کرتا ہے؟ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی مرضی سے احتجاج کیلئے نکلتے ہیں، بھارت اپنی پالیسی اور رویے سے کشمیر کو کھو رہا ہے۔

مزید خبریں :