پاکستان
Time 16 فروری ، 2019

بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے، پاکستانی دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر متعدد سائبر حملے

دنیا کے مختلف ممالک میں دفتر خارجہ کی ویب سائٹ اوپن نہ ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ فوٹو: اسکرین گریب

بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے مسلسل جاری ہیں اور دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر سائبر حملے کیے جا رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ہیکرز کی جانب سے پاکستانی دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر سائبر حملے کیے گئے جس کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں ویب سائٹ نہ کھلنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ برطانیہ، تھائی لینڈ، ناروے اور امریکا میں وزارت خارجہ کی ویب سائٹ تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے اور دفتر خارجہ کی ویب سائٹ سے وزیراعظم عمران خان کا پروفائل بھی اڑایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے جیو نیوز سے گفتگو میں بھارتی ہیکرز کی جانب سے سائبر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں دفتر خارجہ کی ویب سائٹ ڈاؤن ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جس پر فوراً ایکشن لیا گیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت گھبراہٹ کا شکار ہے اور ہمیں اندازہ تھا کہ بھارت گھبراہٹ میں کسی بھی قسم کی حرکت کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھبراہٹ میں بھارت کی جانب سے کبھی ایک جانب سے اور کبھی دوسری جانب سے حملے ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بھی دو ہفتے قبل ہیک کرنے کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ سائبر حملے معلومات تک رسائی روکنے کی کوشش ہے کیونکہ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ ہی آفیشل معلومات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان پاکستان آ رہے ہیں، اور مقبوضہ کشمیر میں جو ہو ر ہا ہے، اس کی تمام تر معلومات ، پریس ریلیز اور ویڈیوز کے لیے دنیا بھر سے لوگ موفا کی ویب سائٹ پر جاتے ہیں، ان حملوں کا مقصد صحیح معلومات تک پہنچنے سے روکنا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور بہت جلد اس مسئلے پر قابو پالیں گے اور سائبر حملوں کو ناکام بنا دیں گے۔

مزید خبریں :