پاکستان
Time 17 فروری ، 2019

نواز شریف کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ، میڈیکل بورڈ کل حتمی رائے دے گا

نواز شریف سے سروسز اسپتال، پی آئی سی اور لندن میں علاج کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، ایم ایس جناح اسپتال۔ فوٹو: فائل

لاہور: جناح اسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے میڈیکل بورڈ نے ان کی تمام میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لیا جس کے بعد کل حتمی رائے سامنے آنے کی توقع ہے۔

سابق وزیراعظم سے سروسز اسپتال، پی آئی سی اور لندن میں علاج کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں جو انہوں نے فراہم کیں جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے اس کا جائزہ لیا۔ 

علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر عارف تجمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کو علاج اور رہائش کی جگہ سےکوئی تکلیف نہیں، ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کی کیس ہسٹری کا جائزہ لے  لیا ہے۔

ڈاکٹر عارف تجمل کے مطابق نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں اور ان کی طبعیت ٹھیک ہے اور انہیں دی جانے والی دواؤں میں تبدیلی کی ضرورت نہیں۔

پروفیسر عارف تجمل نے کہا کہ نواز شریف کا پرانے ڈیٹا سمیت پی آئی سی اور سروسز کا ڈیٹا مل گیا ہے، کسی رپورٹ کے بارے میں کارڈیالوجسٹ بہتر آگاہ کرسکتے ہیں اور ممکن ہے کہ کل تک میڈیکل بورڈ اپنی حتمی رائے دے۔

پروفیسر عارف تجمل کا مزید کہنا تھا کہ مریض کو علاج کی ضرورت ہے اور ہم ان کا علاج کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو 15 فروری کو کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں گزشتہ روز ان کا ایکو ٹیسٹ اور ای سی جی ہوئی تھی۔

سابق وزیراعظم کوٹ لکھپت جیل میں احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور علاج کی غرض سے انہیں جناح اسپتال کے پرائیوٹ کمرے میں منتقل کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :