پاکستان
Time 18 فروری ، 2019

کراچی میں فائرنگ سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما جاں بحق

سخی حسن چورنگی کے قریب ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے شخص کی شناخت عبدالحبیب کے نام سے ہوئی ہے— فوٹو: فائل

کراچی میں سخی حسن چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما اور چیمبر آف کامرس کے رکن عبدالحبیب جاں بحق ہوگئے، آئی جی سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

سخی حسن چورنگی کے قریب ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے شخص کی شناخت عبدالحبیب کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی پر پانچ سے چھ گولیاں فائر کیں جو دو نائن ایم ایم پستولوں سے چلائی گئیں۔

مقتول کے پاس سے کراچی چیمبر آف کامرس کا کارڈ ملا ہے، تفتیشی ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر چار ملزمان نے واردات کی، ملزمان پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے، دو نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔

فائرنگ کی جگہ سے جیوفینسنگ اور گاڑی کی فرانزک کروائی جائے گی جبکہ جائے وقوع کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

ترجمان پی ایس پی کے مطابق حبیب پی ایس 122 سے پی ایس پی کے امیدوار تھے جبکہ چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان اور سہولت کاروں کی جلد گرفتار کا مطالبہ کیا ہے۔

آصف حسنین اور پی ایس پی کے دیگر رہنما بھی اسپتال پہنچے اور مقتول کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایس ایس پی سینٹرل سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کی اور قاتلوں کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :