پاکستان
Time 20 فروری ، 2019

پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر اداکار فواد خان کے خلاف مقدمہ درج

 پولیو کے قطرے نہ پلانے پر ٹی وی و فلم اداکار فواد خان کے خلاف بھی مقدمہ درج کروایا گیا: فوٹو: فائل

لاہور: ضلعی انتظامیہ نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر اداکار فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کے خلاف مقدمے درج کر لیے گئے۔

انتظامیہ کے مطابق پولیو کے قطرے نہ پلانے پر ٹی وی و فلم اداکار فواد خان کے خلاف بھی مقدمہ درج کروایا گیا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوادخان کے خلاف مقدمہ فیصل ٹاؤن تھانے میں درج کرایا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے 4 مقدمات تھانہ فیصل ٹاؤن اور 2 تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج کرائے۔

فواد خان کی اہلیہ نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہیں پلانے دیئے، ڈپٹی کمشنر لاہور 

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کے مطابق اداکار فواد خان کے گھر سارا دن پولیو ویکسین پلانے والی ٹیم موجود رہی لیکن ان کی اہلیہ نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہیں پلانے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ قطرے نہ پلانے پر گھر کے سربراہ فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے پولیو بابر عطا کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق پولیو ٹیم فواد خان کی بیٹی کو قطرے پلانا چاہتی تھی لیکن پہلے ان کے ڈرائیور اور پھر فیملی نے بدسلوکی کی۔

انہوں نے کہا کہ فواد ہمارا فخر ہیں لہٰذا ان سے درخواست ہے کہ ٹیم کو قطرے پلانے کی اجازت دیں، لاہور میں گزشتہ ہفتے پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ہے، اس لئے ہمیں بچوں کو محفوظ بنانا ہے۔

فواد خان کا مؤقف

ٹی وی اور فلم کے اداکار فواد خان کی وضاحت سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب پولیو ٹیم قطرے پلانے آئی تو فواد خان اور ان کی اہلیہ دونوں گھر پر موجود نہیں تھے۔

فواد خان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق فواد خان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کیلئے 13 فروری سے ملک سے باہر ہیں، ان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر من گھڑت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فواد خان پولیو مہم کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ان کی بیٹی کی پولیو ویکسی نیشن ہو چکی ہے اور اس کا ریکارڈ بھی موجود ہے، اگر ایف آئی آر واپس نہ لی گئی تو فواد خان قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :