پاکستان
Time 22 فروری ، 2019

’عمران کی نااہل کابینہ کو نواز اور شہباز مخالف اقدامات کے علاوہ کوئی کام نہیں‘

 مریم اورنگ زیب کے مطابق نواز شریف کی انجیو گرافی کی اب تک اجازت نہ دینا مجرمانہ فعل ہے۔ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی نا اہل اور نالائق کابینہ کو نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف اقدامات کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نااہل اور نالائق کابینہ کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے اور نواز شریف کا علاج روکنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں ہے۔

انھوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو جناح اسپتال میں 8 دن ہو گئے ہیں جہاں انھیں عارضہ قلب کے علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں۔

 مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عمران خان کی انا، ضد اور عناد پر پنجاب حکومت نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے، اب تک نواز شریف کی انجیو گرافی کی اجازت نہ دینا مجرمانہ فعل ہے۔

انھوں نے نواز شریف کی انجیو گرافی کروانے کے انکار کے  حوالے سے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ  نواز شریف انجیو گرافی کرانے پر آمادہ ہیں اور ان کی جانب سے انکار کی بات درست نہیں ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو 15 فروری کو سینے میں درد کی شکایت پر کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم کوٹ لکھپت جیل میں احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور علاج کی غرض سے انہیں جناح اسپتال کے پرائیوٹ کمرے میں منتقل کیا گیا ہے۔