دنیا
Time 27 فروری ، 2019

#SayNoToWar: جنگ نہ کرنے کی آوازیں بھارت سے آنا شروع ہوگئیں

بھارت میں ٹوئٹر پر 'سے نو ٹو وار' کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا، بھارتی شہریوں کا حکومت کو جنگ نہ کرنے کا مشورہ۔ فوٹو: فائل

بھارتی دراندازی کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا جس کے بعد بھارت میں ایک طبقے کی جانب سے جنگ نہ کرنے کی آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔

بھارت میں اس وقت ٹوئٹر پر' say no to war' کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے جس میں ٹوئٹر صارفین بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں اس لیے مذاکرات کیے جائیں۔

ساگر پرکاش نامی ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان اور بھارت پہلے ہی بہت سے مسائل کا شکار ہیں، خوشحالی کے لیے دونوں ملک ایک دوسرے کو تباہ کرنا بند کریں۔

بھارتی صحافی سیمی پاشا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'ایک قدم پیچھے ہٹیں اور ایک سیکنڈ کے لیے سوچیں، کیا ہم واقعی جنگ چاہتے ہیں؟'

بھارتی مصنف اور فوٹوگرافر سنجکتا باسو نے کہا کہ 'حکومت اگر پائلٹ کی گرفتاری کی خبر کو چھپا رہی ہے تو اسے واپس کون لائے گا؟ کیا یہ نیشنلزم ہے کہ سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے اپنے فوجیوں کو مرنے کے لیے سرحد پر بھیج دیا جائے؟'

ایک اور ٹوئٹر صارف اونندیو چکراورتی کا کہنا ہے کہ دہلی سے تعلق رکھنے والے جنگجو نیوز اینکرز اچانک کہنا شروع ہوگئے کہ جنگ نہیں ہونی چاہیے، لگتا ہے کہ ان کی کوئی فلائٹ منسوخ ہوگئی ہے۔

ٹوئٹر صارف وشنو ویشال لکھتے ہیں، براہ مہربانی ہر دکھنے یا سنائی دینے والی چیز پر یقین کرنا روک دیں، آئیں پاکستان کی حراست میں موجود اپنے پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کی واپسی کے لیے دعا کریں۔

پریتی ناہر لکھتی ہیں، ہم مزید جانوں کا ضیاع نہیں چاہتے بلکہ امن چاہتے ہیں، جنگ مسائل کا حل نہیں۔

ایک اور بھارتی شہری انشتا کا کہنا ہے کہ کیا ہم واقعی دونوں ممالک بڑے پیمانے پر تباہی چاہتے ہیں، کیا ہم حیوان بن چکے ہیں ؟

بھارتی صحافی ساگاریکا گھوسے نے ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ امن انسانیت کا راستہ ہے، امن کی طرف جاتا کوئی راستہ نہیں ہے، امن ہی راستہ ہے۔


مزید خبریں :