لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال


لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر معطل ہونے والے فلائٹ آپریشن کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔ 

پاکستان میں ہوابازی کے نگراں ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے نوٹیفکیشن کے مطابق علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور کے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کردیے گئے ہیں اور فضائی آپریشن آج صبح 6 بجے سے دوبارہ شروع ہوچکے ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق تمام فضائی کمپنیوں کو آپریشن شروع کرنے سے متعلق آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس کو ری شیڈول کیا گیا ہے اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ائیرپورٹ آنے سے قبل 0215 ہیلپ لائن پر کال کر کے معلومات حاصل کرلیں۔  

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث سی اے اے نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے تھے۔

گزشتہ روز سی اے اے نے اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کیے جب کہ ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن اب بھی معطل ہے جو 4 مارچ کو دن ایک بجے بحال ہوگا۔

پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن جاری ہے اور آج صبح 2 بین الاقوامی پروازیں مسقط اور بحرین سے مسافروں کو لے کر پشاور پہنچیں۔

پشاور ایئرپورٹ حکام کے مطابق جدہ سے 2 پروازیں، دوحہ سے ایک پرواز وقت پر پشاور پہنچے گی جب کہ کراچی سے 2 پروازیں بھی معمول پر آئیں گی، اسی طرح 2 پروازیں کراچی اور ایک مسقط کے لیے اپنے وقت پر روانہ ہوگی۔

مزید خبریں :