ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا راج، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری دیگر شہروں میں بارش اور بوندا باندی سے موسم سہانا ہوگیا ہے—. فوٹو فائل

ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ دیگر شہروں میں بارش اور بوندا باندی سے موسم سہانا ہوگیا ہے۔

کوئٹہ سمیت قلات، لوئر دیر، استور، مری، آزاد کشمیر اور شمالی وزیرستان کے نواحی علاقوں میں تین روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی  کی شدت میں بے انتہا اضافہ ہوگیا ہے۔

آزاد کشمیر کے ضلع نیلم، ہٹیاں، بالا باغ، حویلی اور پونچھ کے میدانی علاقوں کے پہاڑوں کو برفباری نے لپیٹ میں لے لیا جب کہ شمالی وزیرستان کے علاقے شوال، رزمک اور دتہ خیل میں بھی برفباری ہورہی ہے۔ 

سوات کے علاقے کالام اور ملم جبہ میں جب کہ لوئردیر کے علاقے مسکینئ درہ، کلپانی، وادی لڑم، بنشاہی اور لاموتے میں بھی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مخلتف شہروں میں مطلع جزوی ابرآلود ہے اور تیز ہواؤں سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ادھر کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کاتناسب 75 فیصد ہے اور ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے چل رہی ہیں تاہم آج کم سےکم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پشاور میں بارشوں سے 8 افراد زخمی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پشاور میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم  اے کے مطابق کوہاٹ میں 6، اپردیر اور ٹانک میں ایک ایک شخص زخمی ہوا جب کہ صوبے میں 3 گھروں کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم  اے نے  ڈپٹی کمشنرز کو شہر کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایات کی جب کہ برفباری سے بند ہونے والی سڑکوں کو کھولنے کا کام شروع ہوگیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور شہریوں کے لیے ہیلپ لائن 1700 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔

مزید خبریں :