دنیا
Time 03 مارچ ، 2019

سابق بھارتی چیف جسٹس مرکنڈے کاٹجو وزیراعظم عمران خان کے مداح بن گئے


نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس مرکنڈے کاٹجو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی میڈیا پر برس پڑے اوروہ وزیراعظم عمران خان کے مداح بن چکے ہیں۔

بھارتی سابق چیف جسٹس مرکنڈے کاٹجو  کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ پہلے وہ صرف عمران خان کے ناقد تھے لیکن ایوان میں تقریر سن کر ان کے مداح بن چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان نے سنجیدگی دکھائی اور موزوں حکمت عملی اختیار کی جب کہ سارے معاملے میں ہمارے سیاستدانوں کا غیر سنجیدہ رویہ دیکھ کر دکھ پہنچا ہے۔

سابق چیف جسٹس مرکنڈے نے بی جے پی کی حکومت کو بچکانہ قرار دیا اور کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو ہزاروں فوجیوں کی جانوں نہیں صرف چناؤ (انتخابات) کی فکر ہے۔

جسٹس مرکنڈے بھارتی میڈیا پر بھی خوب برسے اور ہیجان انگیزی پر اسے بے شرم اور بکاؤ قرار دیا۔

جسٹس (ر) مرکنڈے نے ٹوئٹر پیغام میں پاکستانیوں کو بالغ النظر کہتے ہوئے کہا کہ ’ جب میں نے پاکستان کو جھوٹا، جعلی ملک کہا تو کسی ایک پاکستانی نے بھی مجھے برا بھلا نہیں کہا لیکن جیسے ہی میں نے عمران خان کی تعریف کی تو درجنوں بھارتیوں نے مجھے پاگل، غدار، بوڑھا کہا یہی نہیں مجھے پاکستان چلے جانے کا کہا، اب بتائیے کون زیادہ بالغ النظر ہے؟ 



مزید خبریں :