نوازشریف سے پنجاب حکومت کے ناروا سلوک پر بلاول کا اظہار افسوس

سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی سہولتوں کی فراہمی میں ان کی عزت اور احترام کا بھرپورخیال رکھا جائے، چیئرمین پیپلز پارٹی— فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے پنجاب حکومت کے ناروا سلوک پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔

بلاول نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی سہولتوں کی فراہمی میں ان کی عزت اور احترام کا بھرپورخیال رکھا جائے۔

واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف کی گزشتہ روز طبعیت بگڑ گئی تھی جس پر انہیں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن نوازشریف نے اسپتال جانے سے انکارکردیا تھا۔

گزشتہ دنوں اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا تھا کہ حکومت کا تضحیک آمیز رویہ قبول نہیں اور انہیں ایک سے دوسرے اسپتال گھمایا جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کا 5 میڈیکل بورڈز کی رپورٹس کے بعد بھی علاج شروع نہیں ہوا، تضحیک قبول نہیں اور ایسے علاج کے بجائے عزت کی موت کو ترجیح دوں گا۔

وزیراعظم سے ان کی والدہ نے بھی اسپتال جانے کا کہا تھا لیکن نواز شریف نے ملاقات میں والدہ سے گھر جانے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ 'ماں جی آپ دعا فرمائیں جو اللہ کو منظور ہوا، ہوجائے گا'۔

بعد ازاں آج وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولتیں دی جائیں، وہ جس ڈاکٹر یا اسپتال سے علاج چاہتے ہیں انہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

مزید خبریں :