نواز شریف کو کچھ ہوا تو یہ قتل تصور ہوگا جسکی ذمہ دار حکومت ہوگی: خورشید شاہ


سکھر: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف کو نقصان ہوا تو وہ قتل تصور کیا جائے گا اور اس کا قصور وار حکومت کو سمجھا جائے گا۔

سکھر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، سب صحتیابی کی دعا کریں، لاہور کی سروسز اور جناح اسپتال میں امراض قلب کا شعبہ ہی نہیں ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، صرف پارٹی کا نہیں ہوتا، عمران خان نے خود کو ابھی تک وزیراعظم نہیں سمجھا، وہ اب تک کنٹینر کی سیاست کررہے ہیں، عمران خان کی سیاست گالم گلوچ اور کنٹینر کی سیاست ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم سیاست میں ذاتیات سے ہٹ کر بات کرتے ہیں، ہماری سیاست گالم گلوچ کی نہیں، ہم نے بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں اور کبھی بھی اقتدار کی بات نہیں کی بلکہ عوام کی بات کی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے عمران خان کو کنٹینر پر چڑھایا گیا اور وہ اب تک کنٹینر سے اترنے کو تیار نہیں ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں انگریزی میں تقریر اور اس پر وزیراعظم عمران خان کی تنقید پر خورشید شاہ نے کہا کہ 'قائد اعظم انگریزی میں تقریر کرتے تھے اور قوم قائد اعظم کے ہر ایک لفظ کو سمجھتی تھی'۔

مزید خبریں :