’بھٹو کے نواسے کی ضیاء کے منہ بولے بیٹے سے ری یونین‘

فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ ن کے صدر سے ملاقات پر کہا ہے کہ بھٹو کے نواسے کی ضیاء کے منہ بولے بیٹے سے ری یونین ہو گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے آج نواز شریف نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں سندھ کے کسی بھی اسپتال میں علاج کرانے کی پیشکش بھی کی۔

نواز شریف نے خیریت دریافت کرنے اور علاج کی پیشکش کرنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات پر ردعمل دیا ہے۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کی نواز شریف سے ملاقات کو صدی کا سب سے بڑا یوٹرن قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بھٹو کے نواسے کی ضیاءکے منہ بولے بیٹے سے ری یونین ہو گئی۔

بعد ازاں اپنے ایک اور بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ آج بھٹو کے خون پر میثاق صلح ہو گیا، بلاول خود کو نوازشریف کے سیاسی مزار کا مجاور دکھا کر پنجاب میں سیاسی میلہ لوٹنا چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سے مایوس نواز شریف کا ملاقاتی اب بلاول ہی رہ گیا ہے، نواز شریف اپنی پارٹی سے بہت نالاں ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کی صحت پر سیاست خود اپوزیشن کر رہی ہے، اپوزیشن نہیں چاہتی نواز شریف صحت مند ہوں اور ان کا علاج ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف جہاں سے چاہیں علاج کرائیں، اپوزیشن نواز شریف کی بیماری کو سیاست کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو سیاسی مایوسوں کی ملاقات سے مایوسی ہی برآمد ہوئی۔

مزید خبریں :