کھیل
Time 12 مارچ ، 2019

بھارتی کھلاڑیوں نے اجازت کے بعد فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلا: آئی سی سی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہلاک فوجیوں کے اہلخانہ کیلئے فنڈ رائزنگ کی اجازت مانگی جسے منظور کیا گیا تھا، ترجمان۔ فوٹو: فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آئی سی سی کی اجازت سے فوجی ٹوپیاں پہنی تھیں۔

بھارتی کھلاڑیوں کے فوجی کیپ پہن کر کھیل کو سیاست کا رنگ دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی رابطہ کر کے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹس پریس نے اس حوالے سے آئی سی سی سے رابطہ کیا جس کے جواب میں ترجمان آئی سی سی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہلخانہ کیلئے فنڈ رائزنگ کے سلسلے میں اجازت مانگی تھی اور آئی سی سی نے اس کی اجازت دی تھی۔

بھارت کے رانچی کرکٹ اسٹیڈیم میں 8 مارچ کو بھارتی ٹیم فوجی ٹوپیاں پہن پر آسٹریلیا کے مدمقابل آئی اور کینگروز نے اس میچ میں میزبان ٹیم کو 32 رنز سے شکست دی تھی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا میچ سے حاصل ہونے والی رقم اور کھلاڑیوں کی میچ فیس ڈیفنس فنڈز میں جمع کرائی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کھلاڑیوں کے فوجی کیپ پہن کر میچز کھیلنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارتی ٹیم کی جانب سے فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلنے کے معاملے کو آئی سی سی کے سامنے سختی سے اٹھایا ہے۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ کرکٹ یا کوئی بھی کھیل سیاست کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے اور اس حوالے سے آئی سی سی کو بھی واضح پیغام دے دیا ہے۔

ماضی قریب میں دو ایسے واقعات میں ملتے ہیں جس میں آئی سی سی نے میچ کے دوران اسپورٹس اسپرٹ کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے کھلاڑیوں پر پابندی لگائی۔

پانچ سال قبل بھارت کے خلاف ایک میچ کے دوران انگلش آل راؤنڈر معین علی نے اپنی کلائی پر ایک بینڈ پہنا جس پر 'سیو غزہ' اور 'فری غزہ' تحریر تھا، آئی سی سی نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے معین علی پر ایک میچ کی پابندی لگائی۔

 2017 میں جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں وکٹ حاصل کرنے کے بعد اپنی شرٹ کے نیچے پہنی گئی شرٹ پر جنید جمشید کی تصویر دکھائی جس پر آئی سی سی کی جانب سے انہیں ملامت کیا گیا۔

مزید خبریں :