ٹی ایل پی دھرنے کا معاملہ: پی ٹی آئی کا شیخ رشید کی حمایت سے انکار

فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی آئی ایس آئی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دھرنے کو سپورٹ کرنےوالوں میں شیخ رشید بھی شامل ہیں — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان کے فیض آباد دھرنے کی حمایت کرنے اور سپریم کورٹ کے فیصلے میں شامل آئی ایس آئی کی رپورٹ میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا نام آنے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ان کا دفاع کرنے سے انکار کر دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ شیخ رشید ہمارے اتحادی ضرور ہیں تاہم ان کے اپنے نظریات ہیں۔

فیض آباد دھرنا کیس میں وضاحت پیش کرنے سے متعلق سوال پر شفقت محمود نے کہا کہ اگر شیخ رشید کے نظریات ہماری طرح کے ہوتے تو وہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جاتے لیکن وہ ہمارے حلیف ہیں اور انتخابات میں ہم نے ان کی حمایت کی تھی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید کو بہت سارے معاملات میں ہم سے اختلاف بھی ہیں اور وہ اس کا ٹی وی پر کھل کر اظہار بھی کرتے ہیں، وہ اپنی جماعت کے لیڈر ہیں، ان سے یہ سوال ضرور کیا جائے۔

یاد رہے کہ فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی آئی ایس آئی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فیض آباد دھرنے کی حمایت کرنے والوں میں شیخ رشید بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :