بجلی ایک روپے 23 پیسے مہنگی کرنے کی تجویز

نیپرا سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر 29مارچ کو سماعت کرے گی — فوٹو:فائل  

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) نے فی یونٹ بجلی ایک روپے 23 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق درخواست فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

سی پی پی اے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ فروری میں کل 6 ارب 68 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی اور اس پر لاگت 32 ارب 61 کروڑ رہی۔

درخواست میں بتایا کہ فروری میں کوئلے پر 17.46 فیصد، فرنس آئل پر 1.68 فیصد، گیس سے 23.85 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 16.89 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

درخواست کے مطابق فروری کیلئے فی یونٹ بجلی فیول لاگت کا اوسط تخمینہ 3.97 روپے تھا اور بجلی کی پیداوار پر فی یونٹ اوسط لاگت 5 روپے 20 پیسے رہی۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر 29 مارچ کو سماعت ہوگی اور درخواست کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کیلئے ہے۔

مزید خبریں :