دنیا
Time 18 مارچ ، 2019

ہالینڈ: ٹرام میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ڈچ پولیس اہلکار جائے وقوعہ کو سیل کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ایمسٹرڈم: نیدر لینڈز (ہالینڈ) کے شہر اتریخت میں نامعلوم ملزم نے ٹرام میں سفر کرنے والے مسافروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نامعلوم شخص نے ٹرام پر فائرنگ کی جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ واقعے کے بعد حکام نے ٹرام اسٹیشن کے قریب علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تقریباً 10بجکر 45 منٹ پر پیش آیا جس کے بعد انسداد دہشت گردی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ایک عمارت کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

فوٹو: اے ایف پی

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں کو کلیئر رکھیں تاکہ رضاکار جائے وقوعہ تک پہنچ سکیں جب کہ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بھی جائے وقوعہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

میئر اتریخت نے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس ترجمان لوسٹ لینسہیگ نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی جانب سے کئی فائر کیے گئے جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہوگیا تھا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے۔

اتریخت پولیس نے سوشل میڈیا پر ٹرام فائرنگ کے مشتبہ حملہ آور کی تصویر بھی جاری کی تھی۔

ڈچ پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا ملزم کا خاکہ۔ 

اتریخت پولیس چیف کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

مزید خبریں :