’بلاول ملک کی منفی تصویر کشی میں مصروف‘: پی ٹی آئی رہنماؤں نے آڑے ہاتھوں لے لیا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تنقید پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول پاکستان کی نہایت منفی تصویر کشی میں مصروف ہیں، پاکستان پوری دنیا کے لیے امن کا پیامبر بن کر ابھرا ہے، پاکستان مخالف حلقوں کو خوش کرنےکی کوشش پر بلاول کوشرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول قوم کو بتائیں وہ کس کی زبان بول رہے ہیں، ہم امن پسند قوم ہیں اور امن ہی چاہتے ہیں، سندھ کی 70 فیصد آبادی خط غربت کے نیچے سسک رہی ہے، آپ اور آپ کے والد نے اپنے 30 سالہ اقتدار میں غریبوں کے لیے کیا کیا؟ آپ کا پورا زور چوری کا مال اور بیرونِ ملک جائیدادیں بچانے پر لگ رہا ہے، بلاول یاد رکھیں پیپلز پارٹی اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ایلیٹ کلچر کا شکار ہے، ایلیٹ کلچر کو اوپن معیشت ،پالیسیوں میں شفافیت، پارلیمنٹ کومضبوط اور احتساب بہتر کرنے سے توڑا جاسکتا ہے، اگر میں حکومت ہوں تو ذمہ داری ہے کہ پالیسی تسلیم کروں یا پھر تبدیل کروں۔

ایک صحافی کے سوال پر کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے حکومتی وزراء کے کالعدم تنظمیوں سے رابطے ہیں، اسد عمر نے جواب دیا کہ میری الیکشن مہم میں جن تنظیموں نے ساتھ دیا وہ خود دہشت گردی کا شکار رہی ہیں۔

مزید خبریں :