افریقی وائلڈ لائف پارک سے فرار ہونے والے شیر کوجیل بھیج دیا گیا

بیہوش شیر کو واپس پارک میں منتقل سے قبل ایک رات جیل میں گزارنی پڑی۔ فوٹوکریڈٹ :ایس اے این پارکس ٹویٹر اکاونٹ

جنوبی افریقا میں نیشنل وائلڈ لائف پارک سے فرار ہونے والے شیر کو ایک رات جیل میں گزارنی پڑگئی۔

جنوبی افریقا کے کارو نیشنل پارک میں مقیم یہ شیر کچھ ہفتوں سے غائب تھا لیکن عملہ اس کے غائب ہونے سے بےخبر تھا۔

مقامی کسانوں کی طرف سے دی گئی اطلاع کے بعد پولیس نے پارک انتظامیہ کے ساتھ مل کر شیر کی تلاش شروع کی اور پارک سے 75 میل دور شمالی کیپ ٹاؤن کی پہاڑیوں کے قریب شیر کا سراغ لگایا۔

مفرور شیر کو گہری نیند سلا دینے والا انجیکشن لگاکر بے ہوش کیا گیا تاہم شیر کی بدقسمتی تھی کہ عملے کے پاس اسے بے ہوشی کی حالت میں وہاں سے لے جانے کے لیے شیر کے حجم کا کریٹ نہیں تھا جس کے باعث شیر کو رات ایک جیل نما کمرے میں گزارنی پڑی۔

کارو نیشنل پارک کے مینیجر نکو وین ڈیر نے ایک اعلامیے میں بتایا کہ اس شیر کو پکڑنے میں شمالی اور مغربی کیپس کے کسانوں نے بہت مدد کی ہے۔



مینیجر نکو نے جنوبی افریقا کی پولیس سروس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ انھوں نے ایڈو  ایلی فینٹ  نیشنل پارک سے شیر کے سائز کا کریٹ آنے تک شیر کے رہنے کے لیے جیل کا کمرہ فراہم کیا۔

ایک رات جیل میں گزارنے کے بعد شیر کو واپس پارک میں بھیج دیا گیا ہے اور امید ہے کہ ایک رات جیل میں گزارنے کے بعد اب شیر فرار کی کوشش ہرگز نہیں کرے گا۔

مزید خبریں :