دنیا
Time 18 اپریل ، 2019

بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 95 نشستوں کیلئے پولنگ مکمل

پولنگ آسام، بہار، چھتیس گڑھ ، مہاراشٹر، منی پور، اڑیسہ، تامل ناڈو، اتر پردیش، مغربی بنگال اور پڈوچیری میں ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 95 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق بھارت کی 11 ریاستوں اور ایک یونین علاقے میں آج ووٹ ڈالے گئے، لوک سبھا انتخابات کا تیسرا مرحلہ 23 اپریل کو ہوگا۔

بھارت کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 11 ریاستوں اور ایک یونین ٹیریٹری میں 95 نشستوں کے عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ 

جن ریاستوں میں پولنگ ہوئی ان میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ ، مہاراشٹر، منی پور، اڑیسہ، تامل ناڈو، اتر پردیش، مغربی بنگال اور پڈوچیری کے حلقے شامل ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں سری نگر اور ادھم پور کی نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی جب کہ ڈھونگ انتخابات کے موقع پر مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر انتخابی حلقوں کے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

قابض بھارتی انتظامیہ نے وادی کو فوجی چھاؤنی بنادیا جہاں جگہ جگہ فوج کی اضافی نفری تعینات رہی، سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس بھی معطل رہی۔

ووٹنگ والے حلقوں پر بالی ووڈ اداکار بھی میدان میں ہیں، یو پی کے حلقے متھرا میں حکمران جماعت بی جے پی کی امیدوار اداکارہ ہیما مالنی اور فتح پور سکری میں کانگریس کے امیدوار اداکار راج ببر ہیں۔

بھارت میں تمام 7  انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔

مزید خبریں :