پاکستان
Time 21 اپریل ، 2019

وزیراعظم عمران خان اوردیگر کی سری لنکا میں دھماکوں کی مذمت

غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاستدانوں نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں کم از کم 8 دھماکوں میں 150 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

دھماکوں کے بعد دنیا بھر سے سری لنکن حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی اور دھماکوں کی مذمت کے بیانات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’ ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں خوفناک دہشت گرد حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر سری لنکن بھائیوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہے‘۔






 ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر  گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دھماکوں پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت سری لنکا کے عوام اور حکومت کے ساتھ اس سانحے میں ساتھ ہے۔


وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سوچ کی ضرورت ہے، ہم ان تمام سری لنکن بھائیوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے‘۔   






وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ’ ہمارے دل دکھ اور درد کی گھڑی میں سری لنکا کے افراد کے ساتھ ہیں، اتفاق سے سری لنکا میں یہ سانحہ اس وقت ہوا جب سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے دورے کا اعلان کرنے والی ہے‘۔     



مزید خبریں :