پاکستان
Time 21 اپریل ، 2019

وزیراعظم عمران خان کی سانحہ ہزار گنجی شہدا کے ورثاء سے ملاقات

وزیراعظم کا شہداء کے خاندانوں کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں 5 فیصد کوٹے کا بھی اعلان، اعلامیہ  — فوٹو: عمران خان آفیشل فیس بک

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ہزار گنجی شہدا کے ورثاء سے ملاقات کی ہے۔ 

دورہ کوئٹہ میں وزیراعظم عمران خان سے ہزارہ برادری کے وفد نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے ہزار گنجی خودکش حملے میں شہید افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے شہید افراد کو ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت کی دعا بھی کی۔

— فوٹو: عمران خان آفیشل فیس بک

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ ہزارگنجی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے، انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں، مشکل گھڑی میں ہزارہ اور دیگر اقوام کے شہید ہونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرانا انتہائی ضروری ہے، حکومت ملک میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا فرض ہےکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں، ملک دشمن عناصر کی کوشش ہے کہ وہ عوام کے درمیان تفرقہ اور افراتفری پھیلائیں لیکن ہم سب نے مل کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری افواج، سیکورٹی فورسز، پولیس، ایف سی اور عوام نے بے حد قربانیاں دی ہیں، قربانیوں کی بدولت آج سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

— فوٹو: عمران خان آفیشل فیس بک

انہوں نے کہا کہ ہزارگنجی واقعے میں ملوث افراد اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور امن و امان کے قیام کےلیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزیراعظم نے شہداء کے خاندانوں کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں 5 فیصد کوٹے کا بھی اعلان کیا۔

یاد رہے کہ 12 اپریل کو کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں ایف سی اہلکار سمیت 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے تھے۔ 

جاں بحق ہونے والوں میں ہزارہ برادری کے افراد بھی شامل تھے جن کے ورثاء نے کئی روز تک احتجاجی دھرنا بھی دیا تھا جو بعد ازاں اس وقت کے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور صوبائی حکام سے مذاکرات کے بعد ختم کردیا تھا۔

مزید خبریں :