'علی نے معاملہ رفع دفع کردیا تو بھی میشا کو ہرگز معاف نہیں کروں گی'

علی ظفر کے خلاف مجرمانہ اور بے رحم مہم کے نتیجے میں میں نے، شوہر اور خاندان نے جن تکلیف دہ تجربات کا سامنا کیا اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، عائشہ فضلی— فوٹو: فائل

گلوکار علی ظفر کی اہلیہ عائشہ فضلی بھی سوشل میڈیا پر مخالفین پر برس پڑیں اور کہا کہ اگر علی ظفر نے معاملہ رفع دفع کردیا تو بھی وہ میشا شفیع کو ہرگز معاف نہیں کریں گی۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں عائشہ فضلی کا کہنا تھا کہ علی ظفر کے خلاف مجرمانہ اور بے رحم مہم کے نتیجے میں انہوں نے، ان کے شوہر اور خاندان نے جن تکلیف دہ تجربات کا سامنا کیا اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ پر ہراساں کئے جانے اور اپنے دوستوں کے دھوکہ دے جانے نے ان کی آنکھیں کھول دیں، اگر ان کے شوہر اسے نظر انداز یا فراموش کربھی دیں وہ میشا کو ہرگز معاف نہیں کریں گی۔

یاد رہے کہ میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ یہ واقعات اُس وقت پیش نہیں آئے جب وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں داخل ہوئی تھیں بلکہ یہ سب اُس وقت ہوا جب وہ اپنا نام بنا چکی تھیں۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ بااختیار اور اپنے خیالات رکھنے کے باوجود ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا، اگر ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزام پر علی ظفر نے گلوکارہ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :