’عمران خان کے پیچھے مڑ کے دیکھنے میں صرف شرمندگی و رسوائی ہی ہے‘

عمران خان کے ماضی کے دعوے اور وعدے ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، سیکریٹری اطلاعات ن لیگ کا ردعمل — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان کے مُڑ کے پیچھے دیکھنے میں صرف شرمندگی و رسوائی ہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جتنے یوٹرن لیے، پورے پاکستان کو پتا ہے، عمران صاحب مُڑ کے دیکھنے میں آپ کے لیے صرف شرمندگی و رسوائی ہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے ماضی کے دعوے اور وعدے ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو الیکٹرک کار نہیں روٹی چاہیے، ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھروں  کے وعدے کر کے عوام سے روٹی بھی چھین لی گئی ہے اور 9 ماہ کی نالائقی اور نااہلی سے غریب لوگ ایک وقت کی روٹی بھی نہیں کھا سکتے۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تو سارا ملک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے تو غیر ملکی سرمایہ کاری کہاں سے آئے گی؟ لوگوں نے ٹیکس دینا بند کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف کا ہو تو ظلم کیسے نہ ہو؟ رمضان سے پہلے پیڑول مہنگا کر کے چولہے بند کرنے پر خان صاحب کو عوام سے معافی مانگی چاہیے۔

یاد رپے کہ وزیراعظم عمران خان کا لاہور میں ایچی سن کالج میں تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ میری زندگی کا اصول ہے، پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتا۔

مزید خبریں :