بیٹی نے پہلے والد کی سیاست ناکام کی اب ان کا جلوس نکال رہی ہے، فردوس عاشق

میاں صاحب کو اپنے کیے کی سزا بھگتنا پڑے گی، پہلے رہنماؤں کو بے گناہ ثابت ہونے پر جلوس کی شکل میں جیل سے لاتے تھے، ن لیگ الٹی گنگا بہا رہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات— فوٹو: فائل

نواز شریف کی جیل واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی عدالت کا سزا یافتہ مجرم سج دھج کر آج واپس جیل جارہا ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ ن لیگ شرمندہ ہونے کے بجائے کرپشن کے ورلڈ کپ کے طور پر پیش کر رہی ہے، مجرم کو خوشنما بنا کر پیش کرنا جرم کی مدد کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انوکھا لاڈلا قیدی تمام رولز کی دھجیاں بکھِیر رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف آمدن سے زائد اثاثوں کا جواب دینے میں ناکام رہے،شریف خاندان نے ہمیشہ عوام اور نظام کو دھوکا دینے کی کوشش کی، ان کا خیال تھا مجمع اکٹھا کر کے این آر او کیلئے دباؤ ڈالا جاسکے، 2018 کے انتخابات کی طرح عوام نے ان کے جلوس اور ریلی کو بھی مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو اپنے کیے کی سزا بھگتنا پڑے گی، پہلے رہنماؤں کو بے گناہ ثابت ہونے پر جلوس کی شکل میں جیل سے لاتے تھے، ن لیگ الٹی گنگا بہا رہی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ بیٹوں نے پلٹ کر اپنے والد کا حال نہیں پوچھا، چھوٹے بھائی نے جب دیکھا بھائی جیل ہی جائیں گے تو وہ بھی ملک سے بھاگ نکلا، صاحبزادی نے پہلے والد کی سیاست ناکام کی اور آج والد کا جلوس نکال رہی ہے۔

مزید خبریں :