سیاحوں کیلئے اچھی خبر، وزارت پوسٹل سروسز نے سرکاری ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھول دیے

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت پوسٹل سروسز کے ملک بھر میں ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔

وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر ریسٹ ہاؤسز سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

وزارت پوسٹل سروسز کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ شہری تفریحی مقامات کی سیر کے دوران سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں قیام کرسکیں گے اور  ریسٹ ہاؤسز انتہائی کم معاوضے پر دستیاب ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر کراچی سے مری تک تمام ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی ہے، ایوبیہ، گلیات، سوات، گلگت اور مظفر آباد کی حسین وادیوں میں قائم ریسٹ ہاؤسز دستیاب ہوں گے جن میں شہری کم سے کم 1200 اور زیادہ سے زیادہ 3000 روپے میں قیام کرسکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ ملکی وسائل کے بہتر استعمال اور عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا، اقدام سے حکومتی آمدن میں اضافہ اور عوام کے اخراجات میں کمی ممکن ہو سکے گی۔

اعلامے میں مزید کہا گیا ہےکہ شہری پاکستان پوسٹ کی ایپ سے بھی ریسٹ ہاوسز کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :