ن لیگ کا عید کے بعد ملک گیراحتجاج کا فیصلہ، پہلا جلسہ یوم تکبیر پر ہوگا


مسلم لیگ ن نے عید کے بعد مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف ملک بھر میں مرحلہ وار احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، 28 مئی کو یوم تکبیر پر اسلام آباد میں پہلا جلسہ کیا جائے گا جس سے مریم نواز، حمزہ شہباز اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

مریم نواز ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی جلسوں سے خطاب کریں گی۔ مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف حکومت کو ہر پلیٹ فارم پر ٹف ٹائم دینے اور نواز شریف کے بیانیے پر کاربند رہنے اور اُسے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس میں بھی سخت احتجاج کیا جائے گا۔ 

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر حکمران اپنے منہ بند رکھتے تو آج معیشت کا یہ حال نہ ہوتا، آج بھی حکمرانوں کو یہی مشورہ دیتا ہوں، حکومت اگر سچ نہیں بول سکتی تو جھوٹ بھی مت بولے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو سامنے رکھتے ہوئے کم از کم اجرت 20 ہزار روپے کی جائے اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی وہ قیمت رکھی جائے جو قابل برداشت ہو، آنے والے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے اور کسی ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہ کیا جائے۔

سڑکوں پر آنے یا حکومت گرانے کا فیصلہ اے پی سی کرے گی: شاہد خاقان

آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف سے شرائط میں بہت شکوک و شبہات ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط عوام کے سامنے رکھی جائیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ شرح سود میں ڈیڑھ فیصد اضافے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت گری ہوئی ہے اس کو گرانا مقصود نہیں، اصل مسئلہ عوام کے مسائل کا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ہدف حکومت توڑنے اور اقتدار کا نہیں ہے، ہمارا ہدف عوام کے مسائل کا حل ہے، آل پارٹیز کانفرنس فیصلہ کرے گی کہ سڑکوں پر آنا ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل حکومت کو گرانے میں ہے تو فیصلہ اے پی سی کرے گی، مسئلے کا حل الیکشن میں ہے تو الیکشن کے مطالبے کا فیصلہ اے پی سی کرے گی۔

نواز شریف اپنے بیانیے کی وجہ سے جیل میں ہیں: رہنما ن لیگ

قومی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب کے اخبار کو انٹرویو کی تردید آنی چاہیے تھی، انٹرویو میں جو باتیں کہی گئیں وہ چیئرمین نیب کے دائرے اختیار میں نہیں آتیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ انٹرویو نیب کا نہیں جسٹس صاحب کا ہے، چیئرمین نیب کی پریس کانفرنس سے مزید شکوک پیدا ہو گئے ہیں، دو دن میں اس پر پریس کانفرنس کریں گے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ آج نیب کی حقیقت عوام کے سامنے آ گئی ہے، آج ہر شخص کہتا ہے کہ نیب کا عمل انتقامی ہے احتساب کا نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہمارا کل بھی تھا اور آج بھی ہے، آج اگر نواز شریف جیل میں ہیں تو اپنے بیانیے کی وجہ سے ہیں۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عید کے بعد ملک گیر رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ عوام کو یوم تکبیر پر بتائیں گے کہ نواز شریف سیاسی قیدی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو کرپٹ نہیں سمجھتا،کرپٹ صرف وہ ہے جس کے خلاف ثبوت ہیں، اگر نواز شریف اور زرداری کے خلاف ثبوت ہیں تو عدالت میں رکھ دیں۔

مزید خبریں :