کھیل
Time 22 مئی ، 2019

ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران مسلح سیکیورٹی افسران تعینات کیے جائیں گے

روایتی حریفوں کے درمیان 16 جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں ہونے والے میچ کیلئے بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے— فوٹو: فائل

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کیلئے انگلینڈ نے ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر حکمت عملی تیار کر لی ہے، میگا ایونٹ کے سب سے بڑے میچ کے دوران مسلح سیکیورٹی افسران تعینات کیے جائیں گے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان 16 جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں ہونے والے میچ کیلئے بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

میچ میں شائقین کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس مقابلے کو دیکھنے کیلئے 5 لاکھ شائقین کرکٹ نے درخواست کی جبکہ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش صرف 25 ہزار ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میچ کیلئے مسلح سیکیورٹی افسران تعینات کیئے جائیں گے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔

اسٹیڈیم کے ارد گرد کی آبادی میں لوگوں کی آمدو رفت کی بھی نگرانی کی جائے گی۔ پولیس نے مقامی پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کی جانچ پڑتال بھی مکمل کر لی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدہ صورت حال کے باوجود برطانیہ میں پاک بھارت کمیونٹی میں نفرت انگیزی نہیں پائی جاتی۔

مزید خبریں :